حیدرآباد میں رونما ہوتی تبدیلیاں

محمد وقاص

دنیا میں ترقی کی وجہ سے بہت سی واضح تبدیلیاں ہوتی دکھائی دیتی ہیں وہیں ملک پاکستان کے شہر حیدر آباد میں بھی پچھلے کچھ عرصے سے تبدیلیاں رونما ہوتی دکھائی دیتی ہیں جن میں شہر حیدر آباد کی سڑکوں کی مرمت سر فہرست نظر آتی ہے اوراس مرمت کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے مختلف مسائل بھی سامنے آئے ہیں جن میں سڑکوں کی مرمت کے دوران لوگوں کو بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حیدر آباد کے مختلف علاقے جنِ میں سڑکوں کی حالت انتہائی نازک دکھائی دیتی تھی اب وہ پہلے سے بہتر دکھائی دینے لگی ہیں۔ ان علاقوں میں لطیف آباد ، حیدر آباد، ہیرا آباد، وغیرہ شامل ہیں۔ پہلے ان علاقوں سے شہریوں کا گزرنا بہت ہی مشکل کام تھا جوکہ اب سڑکوں کی مرمت کی وجہ سے سہل ہوگیا ہے۔پہلے سڑکیں انتہائی خراب اور ٹوٹی ہوئی تھیں ۔

پہلے سڑکوں پر گٹر کے ڈھکن تک نہ ہوتے تھے جس کی وجہ سے کافی حادثات دیکھنے میں آتے تھے جو کہ اب بمشکل دکھائی دیتے ہیں اور خاص طور پر برسات کے دنوں میں شہر حیدر آباد کی سڑکیں سیوریج کے نظام کی وجہ سے سمندر کا سماء سا باندھ لیتی تھیں اور ا ن سڑکوں پر بڑے بڑے کھڈے اور کھلے گٹر لوگوں کی جان کو آجاتے تھے، اور جس کی وجہ سے بہت سے حادثات رو نماہو تے تھے ۔ مگر اب حالات پہلے کی بنسبت بہتر دکھائی دیتے ہیں۔ اب شہر حیدر آباد میں کافی ترقیاتی کام ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو وقتی طور پر پریشانی تو اٹھانی پڑی لیکن اب عوام سکون میں ہیں۔

حیدر آباد میں ترقیاتی کام کے دوران ماحولیاتی آلودگی بھی پیدا ہوئی اور ساتھ ساتھ ٹریفک جام جیسی صورت حال بھی پیدا ہوئی جب حیدر آباد میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری تھے اور سڑکوں کی مرمت کی جا رہی تھی اس وقت ایک سڑک بناتے ہوئے اس سڑک کا ٹریفک دوسری سڑک پر ٹرانسفر کر دیتے تھے جس کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوتی تھی اور ان ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ حیدر آباد میں نئے مالز بھی بنائے جا رہے ہیں جس میں داؤد مال، میگنم مال ، مال آف حیدر آباد اور ینٹ مال وغیرہ شامل ہیں۔ 


اگر حالیہ دنوں کی بات کی جائے تو بو لیورڈ مال کی اوپننگ کے بعد حیدر آباد کی عوام بڑی تعدد میں بو لیورڈ مال کی طرف سفر کرتی دکھائی دیتی ہے جسکی خاص وجہ Cinepexسینما ہے جو اپنی طرف حیدر آباد کی عوام کو مائل کرتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آنے والے کچھ عرصے میں ایسے مزید مالز حیدر آباد کی زینت بنیں گے جس سے حیدر آباد کی خوبصورتی میں چارچاند لگ جائیں گے۔ مال کے ساتھ ساتھ سپر مارکیٹ بھی حیدر آباد میں بنائی جا رہی ہیں اور کچھ بن بھی چکی ہیں جن میں میکس بچت، داؤد مارٹ اور بیگ مارٹ شامل ہیں اور اگر دیکھا جائے تو مارٹس کی وجہ سے دکانوں کی سیل پر خاصا اثر پڑا ہے کیونکہ اس مہنگائی کے دور میں ہر آدمی دو پیسے بچانا چاہتا ہے اور اسی لئے مارٹس کا رخ کرتا ہے ۔

مارٹس میں پیسے کی بچت کے ساتھ ساتھ اچھی کوالٹی کی تمام چیزیں ایک ہی بلڈنگ میں ہیں اور تو اور ریسٹورینٹ بھی اس دوڑ میں شامل ہیں جو حیدر آباد کی رونما ہوتی ہوئی تبدیلیوں کا سبب بنتے ہیں جن میں لاموش ، لال قلعہ، رائل تاج، روف ٹاپ اور بہت سے بڑے انٹرنیشنل معیار کے ریسٹورنٹ موجود ہیں جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان بڑے بڑے ریسٹورنٹس کی تاب لاتے ہوئے فاسٹ فوڈ کا رجحان بھی پروان چڑھتا دکھائی دیتا ہے ۔ حیدر آباد کے مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں مرچی360، آکسیجن ، شمع تکہ ، P.Kجیسے ریسٹورنٹس شہر کے مختلف علاقوں میں دکھائی دیتے ہیں اور یہ تمام تبدیلیاں شہر حیدر آباد کی رونما ہوتی ہوئی تبدیلیوں میں شامل ہیں*